پاراچنار : جگر اور گردوں کے امراض کے لیے آگاہی مہم کا آغاز

پاراچنار میں بڑھتے ہوئےجگر اور گردوں کے جان لیوا امراض کی روک تھام کیلیے پہلی بار درمان کے زیر انتظام منظم مہم کا آغاز کردیا گیا، جس میں پاراچنار کے مختلف فلاحی اداروں نے شرکت کی۔

ڈاکٹر یداللہ ڈپٹی ڈی ایچ اور میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر ریاض علی، ای این ٹی سپیشلسٹ ڈاکٹر سید صادق حسین نے جگر اور گردوں کے بڑھتے ہوئے امراض کی وجوہات اور روک تھام کے حوالے سے آگاہی اور احتیاطی تدابیر اپنانے پر تفصیلی تبصرہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں 350 سے زائد گردوں جبکہ 50 سے زیادہ جگر اور کافی تعداد میں کالے یرقان اور معدے کے مستقل مریض ہیں۔

ان تمام بیماریوں میں زیادہ رول شوگر، ہائپر ٹینشن، دانتوں کے غیر مستند اور بے پرواہ پریکٹس، خود سے دوائی کھانا (سیلف میڈیکیشن) خصوصاً درد کی دوائیں، کم یا زیادہ ڈوز یا ڈوز مکمل نہ کرنا شامل ہیں۔

ماہرین کی مشاورت کی روشنی میں درمان نے ان امراض پر قابو پانے کیلئے ایک پانچ رکنی ٹیم ترتیب دی، جو پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے ساتھ ملاقات کر کے مہم کا آغاز کرے گی۔

اس کے علاوہ پاراچنار کے آبی وسائل کے کچھ ماہرین نے پاراچنار میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی روک تھام کیلئے پاراچنار میں آبی نمونوں کی تحقیق کی ذمہ داری لی ہے، جو اس مہم کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

درماں نے محرم الحرام سے پہلے پہلے تحقیق مکمل کرنے کا اعادہ کیا تاکہ علما اپنا مثبت اور کلیدی کردار نبھاتے ہوئے عوام کو محرم کی مجالس میں اس مہم کےحوالے سے ضلع کرم کے عوام کو موثر طریقے سے آگاہ کر سکیں۔