خیبر اور اورکزئی قبائل کے مابین زمینی تنازعہ کے حل کے لئے جرگے کا انعقاد

ضلع خیبر اور ضلع اورکزئی کے قبائل کے مابین زمینی تنازعہ کے پر امن حل کے لئے دونوں اضلاع کے ضلعی انتظامیہ نے اعلیٰ سطح کا جرگہ منعقد کیا ہے جس میں فائر بندی میں مزید توسیع کے لئے راستہ ہموار کیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے ضلع خیبر کے قبیلہ اکاخیل سنزل اور اورکزئی قبیلہ فیروز خیل کے درمیان زمینی تنازعہ شدت اختیار کر گیا تھا جس کے باعث جھڑپوں کے دوران دونوں اطراف سے ہلاکتیں سامنے آئی تھی جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوگئے تھے۔

اس حوالے سے خیبر ہاوس میں گزشتہ روز ایک جرگہ منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر خیبر منصور ارشد، ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد خالد، ضلعی پولیس سربراہ خیبر وسیم ریاض، ضلعی پولیس سربراہ اورکزئی محمد نثار، ایم پی اے شفیق افریدی، ایم پی اے غزن جمال، اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نیک محمد، اسسٹنٹ کمشنر اورکزئی نوید اللہ شاہ سمیت خیبر اور اورکزئی کے مشران نے شرکت کی۔

خیبر ہاوس میں منعقدہ جرگے میں اکاخیل سنزل اور اورکزئی قبیلہ فیروز خیل کے درمیان کشیدگی، تیگہ (سیز فائر) میں توسیع، آئندہ جرگہ کے لئے طریقہ کار وضع کرنے، سفارشات اور بہتر حل پر دونوں اقوام کی موجودگی میں تفصیلی بات چیت کی گئی۔

طویل بات چیت کے بعد دونوں اقوام کے مشران کی جانب سے دس دس رکنی  جرگہ وفود پیش کئے گئے اور اس بات پر دونوں اقوام کے مشران نے اںتظامیہ کی موجودگی میں متفقہ اتفاق کیا کہ ایک دن بعد ضلعی انتظامیہ اور خیبر پولیس سمیت ضلعی انتظامیہ اور اورکزئی پولیس جرگہ ممبران کے ہمراہ مزکورہ علاقہ کا دورہ کرکے معائنہ کریں گی۔

وفد مورچوں اور اس کے اطراف میں دونوں جانب سے عائد کئے گئے الزامات، شکایات اور گزارشات کا جائزہ لیکر انتظامیہ کو اگاہ کریں گی اور ان کے سفارشات  اور گزارشات کا جائزہ لیکر  جرگہ کی ائندہ بیٹھک میں دونوں اقوام کے مابین رکھا گیا تیگہ کو توسیع دینے اور کشیدگی کو مکمل ختم کرکے ، دونواں اقوام کی باہمی رضامندی سے مسئلے کا بہتر نکالیں گے تاکہ مزید انسانی جانوں کو بچایا جا سکیں