ڈبلیو ایس ایس پی سنیٹری ورکرز کی کورونا ویکسینیشن کا آغاز

واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن ناصر نے یونین کونسل شاہین مسلم ٹائون ون اور پہاڑی پورہ کا دورہ کیا اور وہاں جاری 14 روزہ خصوصی صفائی مہم کا جائزہ لیا، وہ کمبوہ، پھندروڈ، توحید آباد اور شہید آباد گئے۔

جنرل منیجر آپریشن ریاض احمد خان، زونل منیجر طارق عزیز اور عامر گل خٹک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ زونل منیجرز نے انہیں جاری مہم کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صفائی کے ساتھ ساتھ نالیوں سے ریٹ، پتھر اور دیگر ناکارہ مواد نکالے جارہے ہیں، اگلے ایک روز میں دونوں یونین کونسلوں کو مکمل صاف کیا جائے گا جس کے بعد دوسری یونین کونسلوں میں خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔

ڈاکٹر حسن ناصر عملے اور لوگوں سے بھی ملے ان کے مسائل سنے اور کہا کہ ڈبلیو ایس ایس پی نے سنیٹری ورکرز کی ویکسینیشن شروع کر دی ہے کورونا سے بچنے کے لئے ہر ورکر ویکسینیشن کروائے۔ وہ سول ڈسپنسری شاہین مسلم ٹائون ون بھی گئے جہاں یونیسف کے وفد سے ملاقات کی اور اسے پانی کی بوسیدہ پائپ لائن کی تبدیلی، لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی اور شاہین مسلم ٹائون میں جاری خصوصی صفائی مہم کے بارے میں آگاہ کیا، انہوں نے وفد سے پانی صفائی کے شعبوں میں یونیسف کے ممکنہ تعاون کے حوالے سے بات چیت کی۔

ادھر ڈبلیو ایس ایس پی ورکرز کے کورونا سے بچاؤ کے لئے ویکسینیشن شروع ہو گئی ہے بیک وقت خیبر میڈیکل یونیورسٹی، نشتر ہال اور مولوی امیر شاہ میموریل ہسپتال میں قائم سنٹرز میں ورکرز کو ویکسین لگائی جا رہی ہے اب تک تقریباً اڑھائی سو ورکرز کی ویکسنیشن کی گئی ہے۔

ڈبلیو ایس ایس پی ترجمان کے مطابق ساڑھے چار ہزار سے زائد سنیٹری ورکرز کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی، چیف ایگزیکٹو کی ہدایات کی روشنی میں تمام سٹاف بشمول منیجمنٹ سٹاف کی ویکسینیشن کی جائے گی، ڈبلیو ایس ایس پی ورکرز فرنٹ لائن پر خدمات فراہم کر رہے ہیں جن میں کورونا مریضوں کے گھروں میں جراثیم کش سپرے، قرنطینہ سنٹرز اور کورونا مریضوں کے گھروں کا کوڑا کرکٹ تلف کرنا بھی شامل ہیں۔