پشاور تعلیمی بورڈ نے سالانہ امتحان کا شیڈول جاری کر دیا

کنٹرولر پشاور تعلیمی بورڈ نے دسویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحان کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق 10جولائی کو جماعت دہم کا فزکس جبکہ بارہویں جماعت کا سائیکالوجی اور اسلامیات کا پرچہ ہو گا۔

شیڈول میں کہا گیا ہے کہ دسویں اور بارہویں جماعت کے پرچے 19 جولائی تک جاری رہیں گے اس طرح نویں اور گیارہویں جماعت کے سالانہ امتحان کاآغاز 27 جولائی سے ہو گا۔

شیڈول میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 27جولائی کو 9th کا فزکس اور 11th کا آرکیالوجی اور شماریات کا پرچہ ہو گا اور نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات 9 اگست تک جاری رہیں گے۔

یاد رہے حکومت نے 10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات 10 جولائی کے بعد لینے کا ‏‏فیصلہ کیا تھا۔

وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ 10ویں اور 12ویں کے ‏‏بعد دیگر جماعتوں کے امتحانات لیے جائیں گے۔

شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ 9 اور 10ویں جماعت کا امتحان منتخب مضامین ‏‏اور ریاضی میں ہوگا، 11ویں اور 12ویں کے امتحانات منتخب مضامین میں لیے جائیں گے۔

پشاور بورڈ کے اس اعلان پر طلباء نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی کورس مکمل ہی نہیں ہوا ہے، سکولز اور کالجز دوبارہ کھل گئے اور امتحانات تک کلاسز جاری رہیں گے جبکہ درمیان میں عیدلاضحی بھی آ رہی ہے لہٰذا تیاری کے لئے بہت کم وقت دیا گیا  ہے۔

طلباء کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پیپرز کے درمیان زیادہ سے زیادہ وقفہ دیا جائے گا جس میں بچے اگلے پرچے کے لئے اچھی تیاری کر سکیں لیکن پشاور بورڈ امتحانات کے شیڈول میں گیارویں جماعت کے کیمسٹری کے پرچے کے لئے صرف ایک دن کا وقفہ، یہ ممکن ہی نہیں کہ طلباء اس سخت موسم میں 13 ابواب پر مشتمل کیمسٹری مضمون کو ایک ہی دن میں cover کر سکیں حلانکہ بیالوجی کے بھی 13 ابواب ہیں لیکن اس کے لئے 4 دن کا وقفہ ہے۔

انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ پشاور بورڈ امتحانات کے شیڈیول کا دوبارہ جائزہ لیا جائے تاکہ بچے جو پہلے ہی سے بہت متاثر ہوئے ہیں مزید متاثر نہ ہو پائیں۔