کرونا ویکسی نیشن آگاہی مہم میں علماء کرام بھی شریک

کرونا ویکسی نیشن آگاہی مہم میں علماء کرام بھی شریک ہوگئے۔ لاہور میں مختلف مسالک کے علماء کرام نے ایکسپو سنٹر میں قائم ویکسی نیشن سنٹر کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی امور حافظ طاہر اشرفی سمیت دیگر علماء کرام کہنا تھا کہ کرونا ویکسین کیخلاف پھیلائی گئی افواہیں جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں، ویکسی نیشن کروانے سے ہی زندگی معمول پر واپس آ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن بھی اتنی ہی ضروری ہے، جتنے ضروری پولیو کے قطرے ہیں، ویکسی نیشن سنٹر آنے کا مقصد افواہوں کو غلط ثابت کرنا اور کورونا ویکسی نیشن کی ترغیب دینا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ دس لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگ چکی ہے، لاہور کی ستر فیصد آبادی کو اگلے چھ ماہ میں ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لاہور شہر میں چالیس سے زائد ویکسی نیشن سنٹرز بنائے گئے ہیں، جن میں سے بیشتر سنٹرز پر چوبیس گھنٹے شہریوں کو ویکسین لگانے کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں۔