خیبر پختونخوا اسمبلی : سرکاری تعطیل جمعہ پر متفقہ قرار داد منظور

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

خیبر پختونخوا اسمبلی میں اتوار کی بجائے ہفتہ وار سرکاری تعطیل جمعے کو دینے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور ہوگئی۔

منگل کے روز خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے جمعے کی چھٹی بحال کرنے کی قرار داد پیش کی۔

ہفتہ وار تعطیل کے دن کی تبدیلی کے حوالے سے قرار داد جماعت اسلامی کی خاتون رکن حمیرا خاتون اور سراج الدین خان نے پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملک میں اتوار کی بجائے جمعہ کو ہفتہ وار سرکاری تعطیل کے طور پر بحال کیا جائے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی وجہ سے اس وقت عملاً بازاروں، مارکیٹوں، نجی اداروں میں 2 دن تعطیل ہوتی ہے جبکہ سرکاری دفاتر میں جمعہ کے روز دوپہر 12 بجے تک کام اور پھر ملازمین گھروں کو چلے جاتے ہیں۔

حمیرا خاتون نے کہا کہ جمعے کو چھٹی نہ ہونے سے دو دنوں کا نقصان ہوتا ہے جبکہ دو چھٹیوں سے کاروبار، معیشت، سرکاری امور بھی سست روی کا شکار ہیں.

ایوان نے قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کیا جبکہ اراکین کی تعداد پوری نہ ہونے پر اسپیکر اسمبلی نے اجلاس بدھ (کل) تک ملتوی کردیا۔