پشاور ڈیرہ موٹروے منصوبہ سی۔ڈی۔ڈبلیو۔پی سے منظور کرانے پر اتفاق

ڈی آئی خان موٹروے منصوبے سے متعلق ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سمیت وفاقی اور صوبائی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سینٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی سے منصوبے کی منظوری پر اتفاق کیا گیا۔ متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام کو منصوبے کی ٹیکنیکل اور فنانشل فیزیبلٹی کی جزئیات جلد طے کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اسد عمر نے منصوبے پر عملدرآمد کے لئے صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں نئے مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں صوبائی حکومت کے تجویز کردہ منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ پشاور ڈِی آئی خان موٹروے صوبے کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت ہر قیمت پر اس منصوبے پر عملدرآمد کرنا چاہتی ہے۔ اس اہم منصوبے کی فنڈنگ کے لئے تمام دستیاب آپشنز استعمال کئے جائیں گے۔