مہمند : غیرمقامی پولیس اہلکاروں کے خلاف احتجاج

 ضلع مہمند کے مقامی پولیس اہلکاروں نے ضلع میں 100 غیر مقامی اہلکاروں کی تعیناتی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

ڈی ایس پی لوئر مہمند پشم گل کی سربراہی میں ڈی پی او آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں ڈی پی او آفس کو تالے لگا کر ڈی ایس پیز ‘ ایس ایچ اوز اور کلریکل سٹاف کو اندر بند کر دیا گیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی لوئر دیر مہمند پشم گل نے کہا کہ صوبائی حکومت نے انضمام کے وقت ہمارے ساتھ22نکاتی معاہدہ کیاتھا جس کے مطابق باہر کے اضلاع سے پولیس اہلکار نہ ضم اضلاع میں تعینات ہوسکتے ہیں اور نہ ہی ضم اضلاع کے کسی اہلکار کو دیگر اضلاع میں ٹرانسفر کیا جاسکتا ہے ‘

معاہدے میں صاف الفاظ میں لکھا گیا ہے کہ ضم اضلاع کے پولیس اہلکار اپنے اپنے علاقوں میں ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے لیکن اب معاہدے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے جس کیخلاف آج باب مہمند پر ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوگا جس میں ضلع مہمند کے تمام پولیس اہلکار شرکت کریں گے .

‘ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ضلع کرم میں ایک ایس ایچ او کی تعیناتی کیخلاف 22روز احتجاجی دھرنا دے سکتے ہیں اپنے ضلع میں تو 22سال بھی دھرنا دے سکتے ہیں ‘

انہوں نے صوبائی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک غیر مقامی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ واپس نہیں لیا جاتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا ‘ دوسری جانب آج وزیراعظم عمران خان کا دورہ مہمند ڈیم متوقع ہے ایسے حالات میں مقامی پولیس کا تمام سرگرمیوں سے بائیکاٹ کا اعلان مسائل پیدا کرسکتا ہے۔