خیبر پختونخوا حکومت کا کالعدم ٹی ایل پی کے اثاثے منجمد کرنیکا حکم

وفاقی حکومت کی جانب سے تحریک لبیک کو کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد خیبر پختونخوا ‏حکومت نے ٹی ایل پی کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔

کالعدم جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد کی جائیدادیں منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ‏ہیں اور ساتھ ہی فنڈز یا جائیدادیں دینے والی شخصیات پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے احکامات جاری کیے ہیں ‏اور متعلقہ محکموں کو ہدایات دی ہیں کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے۔

قومی کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو کالعدم تنظیموں کی ‏فہرست میں شامل کرلیا ہے۔

نیکٹا نے کالعدم تنظیموں کی فہرست میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل ‏پی) کو شامل کرلیا، ٹی ایل پی کو فہرست میں 79 واں نمبر دیا گیا ہے۔

نیکٹا نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کو فنڈز، خیرات، امداد دینے پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ‏ہے کہ ٹی ایل پی کو امداد دینا دہشتگردوں کی مالی معاونت کے مترادف ہوگا۔

وزارت داخلہ نے صوبائی چیف سکریٹریوں کو ٹی ایل پی کے اثاثوں کا تعین کرنے کے لئے خطوط ‏لکھ دیئے ہیں۔

یاد رہے وفاقی حکومت نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تحریک لبیک پاکستان پر پابندی ‏عائد کردی ہے.

وفاقی کابینہ کی جانب سے مذہبی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کرنے کی سمری ‏کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔