شمالی وزیرستان میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ختم

قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہٹالی گئی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 17 اگست کو شمالی وزیرستان میں غیرمتعلقہ افراد کے داخلے پر عائد پابندی فوری طور پر ہٹائی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ رواں مہینے کی 17 تاریخ کو شمالی وزیرستان کی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے تحت ضلع میں غیر مقامی افراد کے داخلے پر پابندی عائد کی تھی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈی پی او کی سفارش پر ضلع میں غیر مقامی افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ غیر مقامی افراد امن و امان کیلئے خطرہ ہیں، پابندی 30 دن تک قائم رہے گی تاہم غیر مقامی سرکاری ملازمین اور مزدور پابندی سے مستثنٰی ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔