خیبر پختونخوا : تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن کا میدان مار لیا

خیبر پختونخوا میں حکمران جماعت نے سینیٹ انتخاب کا معرکہ اپنے نام کرلیا۔

کے پی کے میں سینیٹ کی 12 نشستوں پر ہونے والے انتخاب میں 10 نشستیں حکمران جماعت تحریک انصاف نے حاصل کر لیں۔

جنرل نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے شبلی فراز، محسن عزیز، لیاقت ترکئی، فیصل سلیم، ذیشان خانزادہ کامیاب ہوئے اور 7 جنرل نشستوں میں سے پانچ حاصل کیں۔

دوسری جان دو جنرل نشستوں پر جے یو آئی کے عطاء الرحمان اور عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہدایت اللہ کامیاب ہوئے۔

ٹیکنوکریٹ نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے دوست محمد محسود اور ہمایوں خان کامیاب رہے، ‏خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کی ثانیہ نشتر اور فلک ناز نے کامیابی حاصل کی۔

اقلیت کی نشست پی ٹی آئی کے گل دیب سنگھ نے جیت لی۔

خیبر پختونخوا سے سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کی شاندار کامیابی پر وزیراعلیٰ محمود کا کہنا تھا کہ ہمارے اراکین اسمبلی نے آج عمران خان کے سچے سپاہی ہونے کا عملی ثبوت دے دیا۔

اپوزیشن کی طرف سے بڑے لالچ دینے کے باوجود ہمارے اراکین پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے اور ضمیر کا سودا نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے اراکین پر اعتماد تھا، جس پر وہ سو فیصد پورا اترے۔ ہمارے اراکین نے نہ صرف پارٹی کا ساتھ دیا بلکہ ضمیر کے سوداگروں کو بے نقاب بھی کر دیا۔