چترال : برفانی چیتا شکار کرتے ہوئے پہاڑی سے نیچے گرگیا

چترال کی وادی ارکاری میں برفانی چیتا شکار کرتے ہوئے پہاڑی سے گر گیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔

وادی ارکاری میں ہفتے کے روز علی الصبح ایک برفانی چیتا شکار کرتے ہوئے پہاڑی سے نیچے گرگیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زحمی ہوا اور اسکی کمر ٹوٹنے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔

وادی ارکاری میں رباط کے علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ہمارے نمائندے کو فون پر بتایا کہ یہ برفانی چیتا صبح سویرے مارخور یا کسی جانور کا شکار کررہا تھا تو اچانک پہاڑی سے گر گیا اور اس کا کمر ٹوٹ گیا۔

اسے مقامی لوگوں نے ایک محفوظ جگہ میں رکھ کر اسے گوشت وغیرہ کھلایا تاکہ بھوک سے نڈھال نہ ہو اور محکمہ جنگلی حیات کو اطلاع دی۔

محکمہ جنگلی حیات والے بھی شام سے پہلے وہاں پہنچ گئے اور آخری اطلاع انے تک انہوں نے وہ برفانی چیتا ریسکیو کیا اور اسے شفا خانہ حیوانات منتقل کیا کردیا گیا۔

اس سلسلے میں چیف کنزرویٹر جنگلی حیات سے بھی بات ہوئی اور ڈی ایف او چترال الطاف احمد سے بھی بات ہوئی انہوں نے تصدیق کی کہ ان کو اطلاع ملی کہ ارکاری کے علاقے میں ایک برفانی چیتا نیچے گر چکا ہے جس کے بعد انکے عملے نے جاکر اسے ریسکیو کیا اور اسے وٹرنری ہسپتال یعنی حیوانات کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ وادی ارکاری میں جنگلی حیات بہت زیادہ ہے اور مقامی لوگ یہ بھی شکایت کررہے ہیں کہ یہاں غیر قانونی شکار بھی ہورہی ہے۔