قبائلی اضلاع : میڈیکل کالجوں میں کوٹہ سیٹوں کی منظوری

خیبرپختونخوا حکومت نے قبائلی اضلاع کے طلباء کیلئے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں کوٹہ سیٹوں کی منظوری دے دی.

کوٹہ سیٹوں سے مجموعی طور 334 طلباء صوبہ بھر کے میڈیکل، ڈینٹل کالجز میں داخلہ لے سکیں گے۔  محکمہ داخلہ اور قبائلی امور نے اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا۔

اعلامیہ کے مطابق قبائلی اضلاع کے طلباء کے لئے خیبر میڈیکل کالج میں 41، ایوب میڈیکل کالج میں 28، سیدو میڈیکل کالج میں 20، گومل میڈیکل کالج میں 20، خیبر گرلز میڈیکل کالج میں 38، باچا خان میڈیکل کالج میں 25، نوشہرہ میڈیکل کالج میں 12 جبکہ گجو خان میڈیکل کالج میں چھ سیٹیں مختص کی گئیں ہیں۔

اس سلسلے میں اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ زیادہ تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو اپنی حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے رہی ہے۔

انہوں نے کہا موجودہ حکومت قبائلی اضلاع کے عوام کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے ایک ایک کرکے پوری کرے گی اور وہ دن دور نہیں جب قبائلی اضلاع ترقی کے میدان صوبے کے دیگر ترقی یافتہ حصوں کے برابر آئیں گے اور وہاں کے عوام کی عشروں پر محیط محرومیوں کا آزالہ ہوجائے گا۔