ضلع کرم میں بھی کرونا ویکسینیشن کا آغاز کر دیا گیا

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

ملک کے دیگر حصوں کی طرح ضلع کرم میں بھی کرونا ویکسینیشن کا آغاز کر دیا گیا اور پہلے مرحلے میں محکمہ ہیلتھ کے اہلکاروں کو ویکسین کے ٹیکے لگوا دیئے گئے۔

اس سلسلے میں ڈی ایچ او آفس پاراچنار میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر ضلع کرم ڈاکٹر آفاق وزیر اور ڈاکٹروں و پیرا میڈیکس نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آفاق وزیر نے ضلع کرم میں کرونا سے بچاؤ کے ٹیکوں کو خوش آئند اقدام قرار دیا اور کہا کہ ضلع کرم میں کرونا ویکسینیشن کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ضلع کرم کو تین سو ویکسین فراہم کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن میں فرائض انجام دینے والے محکمہ صحت کے عملے کو ویکسین کے ٹیکے لگوائے جائیں گے اور بہت جلد عام عوام کو بھی ویکسین فراہم کی جائے گی۔

ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یداللہ اور ڈاکٹر شجاعت حسین نے کہا کہ اس ویکسین کے بہت اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں اور امریکہ سمیت مغربی ممالک میں ویکسینیشن کے باعث کرونا کی بیماری میں 94 فیصد کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں معمر افراد کو ٹیکے لگوائے جائیں گے اور اس کیلئے حکومت نے بہت آسان طریقہ کار وضع کیا ہے، اس موقع پر ہیلتھ عملے کو ویکسین کے ٹیکے لگوا دیئے گئے۔