لاپتہ افراد : کمیشن نے بہت پیشرفت کی ہے، ترجمان پاک فوج

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے جبری طور پر لاپتہ افراد کے حوالے سے سوال پر کہا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر بننے والے کمیشن نے بہت پیشرفت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کمیشن کے پاس 6 ہزار سے زائد افراد کے گمشدہ ہونے کے مقدمات تھے، جن میں سے 4 ہزار حل کیے جا چکے ہیں جبکہ یہ معاملہ بہت جلد حل ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے چند لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے اسلام آباد میں اپنا دھرنا کئی روز جاری رکھنے کے بعد ختم کیا ہے۔

لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے یہ دھرنا وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کی اس یقین دہانی کے بعد ختم کیا کہ اگلے ماہ وزیراعظم عمران خان ان سے ملاقات کریں گے اور ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔