کورونا کے باعث سپر لیگ 6 ٹکٹیں آن لائن فروخت ہو گی

پاکستان سپر لیگ 6 کی ٹکٹیں کورونا کے باعث صرف آن لائن فروخت کی جائیں گی۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے لیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت جمعہ سے شروع ہو گی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے پیش نظر 20 فی صد تماشائیوں کو میچز دیکھنے کی مشروط اجازت دی ہے۔ذرائع کے مطابق  پہلے مرحلے میں کراچی کے میچز کے ٹکٹس فروخت کیے جائیں گے۔

کراچی میں میچز 20 فروری سے 7 مارچ تک کھیلے جائیں گے جبکہ لاہور کے میچز کے ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ مارچ کے پہلے ہفتے میں شروع ہوگا۔

پی ایس ایل 6 کی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک ویب سائٹ سے معاہدہ بھی کرلیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ 6 کا آغاز  20 فروری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا جس میں 7500 شائقین کو میچ دیکھنے کی اجازت ہے جب کہ پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے میں قذافی اسٹیڈیم میں5500 شائقین میچ دیکھ سکیں گے۔

واضح رہےکہ کورونا ایس او پیز کے تحت این سی او سی نے پی ایس ایل میچز میں صرف 20 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی ہے۔