ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122 کا ضم شدہ اضلا ع میں خدمات فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا

ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122 کا ضم شدہ اضلا ع میں قائم ہونے والے پہلے سٹیشن نے خدمات فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے. ضم شدہ اضلا ع میں 20ریسکیو سٹیشنز قائم کیےجائیںگے.

ریسکیوترجما ن بلال احمد فیضی نے بتایا کہ  صوبائی حکومت کے احکامات پر ضلع خیبر میں ریسکیو 1122نے اپنی خدمات کا سلسلہ آج سے باقاعدہ طور پر شروع کردیا ہے. جبکہ اس کا افتتاح خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ جلد ہی کریں گے اور وزیراعلیٰ کے احکامات پر ریسکیو 1122میں پہلے سے موجود تربیت یافتہ عملے اور جدید ترین آلات سے لیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے ۔

ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ حالیہ ضم شدہ اضلا ع میںٹوٹل 20 ریسکیو سٹیشنز قائم کیے جائیں گے جن میں باجوڑ ، مہمند ، خیبر ،اورکزئی ، کرم ، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں 14سٹیشنز قائم کیے جائیں گے جبکہ سابقہ ایف آر لکی، ٹانک ، ڈی آئی خان، بنوں ، کوہاٹ اور پشاور میں بھی 6 ریسکیوسٹیشنز قائم کرے گی۔

ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ ضم شدہ اضلا ع میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے 3 ارب اور 50 کروڑ روپے سے زائدکی لاگت آئے گی جبکہ ن اضلاع کے لیے 1500سے زائد اہلکاروں کوبھی بھرتی کیا جائے گا ۔

ان اضلا ع میں ریسکیو سٹیشنز کے قیام کے لیے سرکاری زمینوں کا حصول بھی جا ری ہے اور اب تک باجوڑ، مہمند جمرود اور باڑہ میں زمینیں حاصل کی جاچکی ہیں ۔ریسکیو 1122کی جانب سے میڈیکل ، ٹریفک حادثات ،آگ ، عمارت گرنے ، بم دھماکوں، پانی میں ڈوبنے اور کسی بھی ایمرجنسی کے دوران عوام الناس کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے شب و روز خدمات فراہم کرے گی ۔

ریسکیو 1122کے سروس کے آغاز پر اہل علا قہ نے خوشی کا اظہار کیا اور خیبر پختونخوا حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔