آئی جی خیبر پختونخوا کا سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔ جہاں ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام نے آئی جی پی کا استقبال کیا۔

آئی جی پی نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں آئی جی پی کو سی ٹی ڈی کی تنظیم نو (Revamping) بالخصوص قبائلی اضلاع میں سی ٹی ڈی کی افرادی قوت، اسامیوں، گاڑیوں اور دیگر پیشہ ورانہ آلات کی فراہمی کے باے میں بریفنگ دی گئی۔

آئی جی پی ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کو بتایا گیا کہ سی ٹی ڈی کی تنظیم نو کے لیے 1737.834 ملین کا تخمینہ لگایا جاچکا ہے، جس میں ضم شدہ اضلاع میں سی ٹی ڈی کے لیے علیحدہ 588.150 ملین روپے مختص ہیں۔

آئی جی پی کو بتایا گیا کہ سی ٹی ڈی کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جدید جیمرز نصب گاڑیاں، جی ایس ایم لوکیٹرز، تھرمل بانیو کولر جیسے جدید آلات اور ائیریل سرویلنس ڈرونز وغیرہ کی فراہمی کا عمل جلد شروع کردیا جائے گا۔

آئی جی پی کو بتایا گیا کہ قبائلی اضلاع میں سی ٹی ڈی کی نیٹ ورکنگ کو مربوط اور مضبوط بنانے اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کے لیے 150 ملین روپے کے جدید آلات، مواصلاتی نظام اور دیگر ساز و سامان خریدا جا چکا ہے۔ جس کی فراہمی سے پیشہ ورانہ بالخصوص سراغ رسانی پر مبنی پولیسنگ کو فروغ ملا ہے اور امن و امان کے قیام اور دہشت گردوں کی کمر توڑنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

آئی جی پی کو مزید بتایا گیا کہ قبائلی اضلاع میں سی ٹی ڈی کی 715 آسامیوں کی منظوری کے بعد ان پر تعیناتی کے لیے قوائد و ضوابط حکومت کو بھیجے جا چکے ہیں، جن کی منظوری کے بعد تعیناتی کا عمل مکمل کرلیا جائیگا۔

آئی جی پی کو قبائلی علاقوں میں سی ٹی ڈی کے لیے گاڑیوں کی فراہمی کے حوالہ سے بتایا گیا کہ اس مقصد کے لیے 7 جدید بلٹ پروف گاڑیوں کی فروخت کے لیے 112 ملین روپے کی سمری منظوری کے لیے پہلے ہی بھیجوائی جاچکی ہے۔

آئی جی پی نے صوبے میں دہشت گردی کا قلع قمع کرنے میں سی ٹی ڈی کے کردار کی تعریف کی اور سی ٹی ڈی حکام کو ہدایت کی وہ ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور شرپسندوں کو دندان شکن شکست دینے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

انہیں اپنے اہداف کے حصول کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ درپیش چیلنجز سے بطریق احسن نمٹا جاسکے۔ آئی جی پی نے کہا کہ سی ٹی ڈی کو ہر قسم کے جدید آلات اور ہتھیاروں سے لیس کیا جارہا ہے تاکہ دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو بروقت خاک میں ملایا جاسکے۔

آئی جی پی نے قبائلی اضلاع میں سی ٹی ڈی کی اعلیٰ پوسٹوں پر تعیناتی کے لیے آسامیاں جلد از جلد مشتہر کرنے کی بھی ہدایت کی اور امید ظاہر کی کہ قبائلی اضلاع میں سی ٹی ڈی اہلکاروں کی تعیناتی سے امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔