مردان : چینی انجینئر کے اغواء میں مطلوب ملزم گرفتار

سی ٹی ڈی مردان ریجن نے چینی انجینئر کے اغواء اور زخمی کرنے سمیت دہشت گردی کے مختلف مقدمات میں مطلوب انہتائی خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا، دہشت گرد کے سر کی قیمت 50 لاکھ مقرر تھی۔

ذرائع کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی مردان ریجن نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تھانہ لوند خوڑ تھانہ درگئی ملاکنڈ کو قتل اور اغوائیگی سمیت دہشت گردی کے مختلف مقدمات میں مطلوب خطرناک دہشت گرد دلارم عرف جواد ولد فضل رحیم ساکن کالو شاہ لونڈ خوڑ کو گرفتار کر لیا۔

ملزم کے قبضے سے دو ہینڈ گرینڈ، ایک پستول 30 بور بمعہ کارتوس برآمد ہوئے۔

سی ڈی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق مذکورہ دہشت گرد ضلع ملاکنڈ اور ضلع مردان کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا، جبکہ سال 2008ء میں ملاکنڈ پاؤر پراجیکٹ میں کام کرنے والے چینی انجینئر مسٹر یانگ کو اغواء کرنے اور زخمی کرنے میں بھی ملوث تھا۔

صوبائی حکومت نے اس کی گرفتاری پر 50 لاکھ روپے سر کی قیمت مقرر کی ہے، ملزم سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔