باڑہ : مشران کا مسائل کے حل کیلئے حکومت کو 3 دن کا الٹی میٹم

ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں آباد قوم شلوبر کے مشران نے مقامی سطح پر پائے جانے والے مسائل کے حل کے لئے حکومت کو تین دن کا الٹی میٹم دے دیا۔

نمائندہ ٹرائبل پریس  کے مطابق قومی مرکز قمبرآباد باڑہ میں قوم شلوبر کے مشران کا ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں قومی کونسل کے مشران سمیت شلوبر قبیلے کی تینوں ذیلی شاخوں کے مشران کثیر تعداد میں شریک ہوئے، جرگہ میں قومی اجتماعی مسائل پر گفتگو ہوئی۔

جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے قومی و سیاسی مشران ملک وارث خان آفریدی، شلوبر قومی کونسل کے چیئرمین عبدالغنی آفریدی، قومی مشر خلیل خان آفریدی، خیبر یونین کے صدر حاجی مجیب خان آفریدی، مسلم لیگ ضلع خیبر کے صدر اصغر آفریدی اور دیگر مشران نے خطاب کیا۔

مقررین نے شلوبر قبیلے کی بجلی مسلسل بند، سیکرٹری پل بائی پاس روڈ کا ایگریمنٹ اور معاوضوں کے طریقہ کار اور علاقہ نوگزی بابا تا سیکرٹری پل خوشحال پاکستان پروگرام کے تحت سروے میں پشاور کا علاقہ ظاہر کرنے پر سخت تشویش اور تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو ان اجتماعی مسائل کے حل کے لئے متحد ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ اجتماعی جدوجہد کے ذریعے ہم اپنے مسائل باآسانی حل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں قومی و سیاسی مشران پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے جو حکومت کے اعلی اور ذمہ دار حکام سے بات کر کے مسئلے کا پرامن حل تلاش کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیں احتجاج پر مجبور نہ کرے اور ہمارے مسائل کو سنجیدہ لے کر حل تلاش کرے، قبیلہ شلوبر کبھی بھی اپنے حق سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ اس موقع پر اپنے حقوق کے حصول کے لئے احتجاجی تحریک سمیت ہر قسم کا راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

آخر میں جرگہ مشران نے متفقہ طور پر ان اجتماعی مسائل کے حل کے لئے حکومت کو 3 دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مطالبات حل نہ ہونے کی صورت میں پاک افغان شاہراہ اور احساس خوشحال پاکستان پروگرام کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔