پاراچنار: ڈینٹل ٹیکنیشن پر تشدد کیخلاف عملے کی ہڑتال

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار کے سینئر ڈینٹل ٹیکنیشن اور پیرا میڈیکس یونین کے پریس سیکرٹری جواد حسین کو ہسپتال کے احاطے میں اسد علی نامی پولیس اہلکار اور دو دیگر افراد کی جانب سے مبینہ طور پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد ہسپتال کے ایم ایس، ڈاکٹروں، پیرامیڈیکس سٹاف، کلیریکل  سٹاف، نرسنگ سٹاف اور کلاس فور ملازمین نے او پی ڈی کو بند کرکے احتجاجاً ہڑتال شروع کردی.

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالقدوس، ڈاکٹر رمضان علی، پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن کے صدر سرفراز بنگش اور دیگر نے ہسپتال کے احاطے میں سینئر ڈینٹل ٹیکنیشن جواد حسین پر تشدد اور زدوکوب کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ملزمان کی گرفتاری اور انہیں سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بصورت دیگر ان کی یہ ہڑتال جاری رہے گی۔

بعد ازاں ٹریفک پولیس کے چیف وارڈن سید ریاض حسین نے ہسپتال آکر ایم ایس، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس سٹاف سے اس اقدام پر معافی مانگ لی اور ہسپتال انتظامیہ کو ملزمان کے خلاف بھرپور کارروائی کی یقین دھانی کرائی، جس کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے ہڑتال ختم کردی.

اس سلسلے میں اپر کرم پاراچنار کے ایس ایچ او رحمان علی اور سٹی انچارج اشتیاق حسین نے بھی ایم ایس ڈاکٹر عبدالقدوس کے آفس میں ملاقات کی اور صورتحال جاننے کے بعد ہسپتال انتظامیہ کو ملزمان کی گرفتاری اور انہیں سزا دینے کی یقین دہانی کرائی۔

میڈیا سے بات چیت میں ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالقدوس اور پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن کے صدر سرفراز بنگش نے کہا کہ آئے روز ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس پر تشدد افسوس ناک ہے.

انہوں نے حکومت سے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس سٹاف کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے واقعے میں ملوث ملزمان کیخلاف اگر بھر پور کاروائی نہیں ہوئی تو وہ دوبارہ ہڑتال کا اعلان کریں گے۔