اپیکس کمیٹی اجلاس، قبائلی متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا فیصلہ

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ سابقہ فاٹا نئے تاریخی دور میں داخل ہوچکاہے جہاں ترقی و خوشحالی کا آغاز ہو گیا ہے۔

گورنر شاہ فرمان کی زیرصدارت گورنر ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں  وزیراعلی محمودخان کے علاوہ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود، سینئر عسکری قیادت، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سلیم خان، آئی جی پولیس محمدنعیم، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر نظام الدین، سیکرٹری قانون، سیکرٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔۔

اجلاس میں صوبے بالخصوص ضم شدہ اضلاع میں مجموعی سیکورٹی کی صورتحال سمیت ضم شدہ اضلاع میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کی ترسیل اور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ فنڈز کی ریلیز کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیاجائیگا اور قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی میں مقامی کمیونٹی کو بھی شامل کیاجائیگا۔

کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ قبائلی اضلاع میں سول انتظامیہ کو مستحکم کرنے کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ اور دہشتگردی سے متاثرہ گھروں کی تعمیر اور بحالی کیلئے معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائیگی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مقامی سطح پر تنازعات کے حل کیلئے متبادل کمیٹی کا اعلامیہ بھی جلد جاری کیا جائیگا، قبائلی اضلاع کے ملازمین کو اے جی آفس کے ذریعے تنخواہیں جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

کمیٹی نے قبائلی اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت پر بھی زوردیا، اس موقع پر اجلاس کے شرکاء کو پاک افغان سرحد خیبرپختونخوا میں باڑ لگانے کے حوالے سے پیش رفت سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔