ٹانک: موجودہ حکومت مزید برداشت نہیں، جے یو آئی کا احتجاجی مظاہرہ

جمعیت علماء اسلام (ف) نے ٹانک میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے، مظاہرین نے جے یو آئی کے ضلعی سیکرٹریٹ سے ٹانک پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور ملتان میں پی ڈی ایم کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے خلاف نعرے اور مطالبات درج تھے۔

ریلی کے شرکاء سے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سلیکٹیڈ حکومت نے ایک طرف جلسہ کی اجازت دوسری جانب حکومت نے دوغلی پالیسی کے تحت پی ڈی ایم کے کارکنوں کو گرفتار کیا، عمران خان نے ملک کو تباہ کر دیا ہے، ان کے پاس ملک کو چلانے کا کوئی ویژن موجود نہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہم جیلوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ ہم پی ڈی ایم کی قیادت کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے ملتان میں حکومت کو جلسہ کی اجازت دینے پر مجبور کیا، حکومت کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ملتان کے بعد لاہور کا جلسہ بھی ہو کر رہے گا، ہم سلیکٹیڈ حکمرانوں کو کسی بھی صورت قبول نہیں کرینگے۔

مقررین کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان مغرب اور قادیانیوں کا ساتھی ہے، اس کو ہم مزید برداشت نہیں کرینگے، آج اسرائیل کی بات کی جارہی ہے اگر یہ نااہل مزید ملک پر مسلط رہا تو ملک خانہ جنگی کی طرف چلا جائیگا۔

جمعیت علماء اسلام اس حکومت کے خاتمے تک چھین سے نہیں بیٹھے گی۔ کورونا کی آڑ میں حکومت پی ڈی ایم کے جلسوں کو ناکام کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، آج سلیکٹر اور سلیکٹڈ دونوں پریشان ہیں، ہم ملک کے وفادار ہیں ہم سلیکٹر سے اپیل کرتے ہیں کہ سلیکٹڈ سے ہاتھ اٹھا لے عمران کی حکومت نے کاروبار بھی تباہ کر دیا ہے، ملتان میں درج کئے جانے والے ایف آئی آرز کو واپس لیا جائے بصورت دیگر اس کے خلاف مزید سخت احتجاج کریں گے۔

مظاہرین نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف بھی احتجاج کیا اور اس کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔