بنوں : پولیو ڈیوٹی کے دوران شہید ہونیوالے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا

بنوں میں پولیو ڈیوٹی کے دوران قتل ہونے والے پی اے ایس آئی اخیر زمان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔

شہید اہلکار کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی۔ جہاں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ نماز جنازہ میں ڈی پی او بنوں وسیم ریاض خان، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد زبیر خان اور آرمی، پولیس افسران و اہلکاروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

شہید اخیر زمان کے بھائی کانسٹیبل فخر زمان بھی دوران ڈیوٹی دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ بنوں کے تھانہ ٹاؤن شپ  کے علاقے ڈوگر عمر زئی میں پولیو ڈیوٹی کے دوران پی اے ایس آئی اخیر زمان کو دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے قتل کیا، حملہ آور موٹر سائیکل پہ سوار تھے اور ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے گرچہ پولیو ڈیوٹی کے باعث سکیورٹی انتظامات معمول سے زیادہ تھے مگر تاحال حملہ آوروں کے بارے میں کوئی مستند اطلاع نہیں مل سکی ہے۔

نماز جنازہ کے بعد ڈی پی او بنوں وسیم ریاض نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید ملازم نے اس حلف کی تکمیل کی ہے جو ہر پولیس ملازم پولیس کی وردی زیب تن کرتے وقت اٹھاتا ہے، شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی، اب ہم ان کے وارث ہیں، ان کے ہر دکھ سکھ میں شامل ہیں۔