قبائلی اضلاع سے منتخب ایم پی ایز آج حلف اٹھائیں گے

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

قبائلی اضلاع سے منتخب 16 ایم پی ایز آج اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلی میں نئے ضم شدہ اضلاع سے منتخب ہونے ارکان اسمبلی کے لیے مزید کرسیاں رکھ دی گئی ہے۔

سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے اپوزیشن کی ریکوزیشن پراسمبلی کا اجلاس آج 3 بجے طلب کیا ہے جبکہ گزشتہ روز سپیکر کا اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز اور ارکان اسمبلی کے ساتھ اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے پربات چیت کی گئی۔

یاد رہے کہ قبائلی اضلاع میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے لیے تاریخ ساز انتخابات 20 جولائی کو ہوئے۔ ای سی پی کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں نے 6، حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5، جمعیت علما اسلام (ف) نے 3، عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) اور جماعت اسلامی نے ایک،ایک حلقے میں کامیابی حاصل کی۔

خیال رہے پی کے 107 خیبر سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی شفیق آفریدی نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیاب اور بعد میں تحریک انصاف میں شامل ہوئے، شفیق آفریدی کی طرح غزن جمال بھی اورکزئی ضلع سے آزاد حیثیت میں کامیاب اور بعدازاں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔

شفیق شیر افریدی پی کے 105 خیبر ون سے آزاد حیثیت میں کامیاب ہوئے، وہ سابق ایم این اے الحاج شاہ جی گل کے بھتیجے اور الحاج کاروان سے وابستہ ہیں۔ کامیابی کے بعد شفیق شیر اور  پی کے 106 خیبر ٹو سے کامیاب قرار پانے والے ان کے چچازاد بلاول آفریدی نے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔