بارڈر مینجمنٹ سسٹم کیلئے خصوصی ڈویژن بنانے کی ہدایت

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت آزاد اور محفوظ بارڈرز پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار موجودہ بارڈر مینجمنٹ سسٹم کو مزید فعال اور بہتر بنانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز، وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز احمد شاہ، وفاقی وزیر بندر گاہیں و جہاز رانی سید علی حیدر زیدی اور معاون خصوصی معید یوسف سمیت عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ 10 مختلف وفاقی وزارتیں اور صوبائی حکومتیں بارڈر مینجمنٹ سے وابستہ ہیں تاہم وفاقی سطح پر بارڈر کے معاملات کو دیکھنے کیلئے کوئی مرکزی ادارہ موجود نہیں۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ پاکستان میں زمینی، ہوائی اور بحری راستوں سے داخل ہونے والے افراد کی تفصیلات ایک جگہ اکٹھا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

اس کے علاوہ اجلاس کو مختلف بارڈر کراسنگ پر نصب نظام اور بارڈر فنسنگ پر ہونے والے کام کی پیش رفت سے بھی آگا ہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ غیرقانونی راستوں کی بندش اور سمگلنگ کی روک تھام سے ملکی معیشت کو ایک سال کے دورانیے میں اربوں روپے کا فائدہ ہوا ہے۔

وزیراعظم نے وزارتِ داخلہ میں ایڈیشنل سیکرٹری کی سرپرستی میں بارڈر مینجمنٹ سسٹم کیلئے ایک خصوصی ڈویژن بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد لیکن محفوظ بارڈرز پر یقین رکھتی ہے۔ بارڈرز کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیوں بلخصوص پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے ہدایت دی کہ بارڈرز کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیوں بلخصوص پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔