پاک چین افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے وزیرِ قومی دفاع جنرل وی فینگے نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی سمیت علاقائی سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا.

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ دفاعی اشتراک بڑھانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چین کے وزیر قومی دفاع نے علاقائی امن کے لیے پاک فوج کی مخلصانہ کوششوں کے علاوہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کی پاک فوج کی کوششوں کو بھی سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے علاقائی و عالمی فورمز پر تمام اہم ایشوز پر پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں، مستقبل کے چیلنجز کے تناظر میں ہمارے تعلقات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد وفد کی صورت میں مذاکرات ہوئے جس میں دونوں افواج کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

اس سے قبل جی ایچ کیو پہنچنے پر چینی وزیر قومی دفاع نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔