کرک : پولیس چیک پوسٹ پر دھماکہ، ایک اہلکار زخمی

کرک میں کاشو پل پولیس چیک پوسٹ پر بارودی مواد دھماکہ ہوا ہے جس سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق کرک بنوں روڈ پر کاشو پل پولیس چیک پوسٹ میں بارودی مواد کا دھماکہ ہوا جس سے ایک پولیس اہلکار آصف رحمان شدید زخمی ہوا ہے جسکو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس چیک پوسٹ رات کو پولیس اہلکار خالی کرکے چوکی چلے جاتے ہیں اسی کا فائدہ اٹھا کر نامعلوم افراد نے رات کو چیک پوسٹ کے اندر بارودی مواد نصب کیا تھا اور صبح پولیس اہلکار جب ڈیوٹی پر آئے تو بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا جس سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا.

پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے کو گھیرے میں لیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی۔