ضلع کرم : پاراچنار میں ریسکیو 1122 کے ہیڈ کوارٹر کا افتتاح

ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار میں ریسکیو 1122 کے ہیڈ کوارٹر کے افتتاح کے موقع پر صوبائی وزیر ریلیف اقبال وزیر کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں انضمام کے بعد ریسکیو کے قیام سمیت ہر میدان میں ان علاقوں کو آگے لیجانے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے.

پاراچنار اور صدہ میں ریسکیو 1122 نے پہلے ہی سے اپنا کام شروع کردیا ہے جبکہ آج ریسکیو 11 کا بھی افتتاح کیا گیا.

اس سے قبل گورنر کاٹیج پاراچنار میں عمائدین کے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ قبائلی اضلاع کی ترقی وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے معمول کی ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ سو ارب روپے سالانہ دس سال تک دینے کا سلسلہ جاری ہے.

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر وہ بار بار قبائلی اضلاع کے دورے کررہے ہیں.

عظیم صوفی بزرگ میاں شاہ انور کا مزار زائرین کے لئے کھولنے کے حوالے سے اقبال وزیر نے کہا کہ اس سلسلے میں مذاکرات کا عمل جاری ہے اور انشاء اللہ جلد حوصلہ افزا نتائج نکلیں گے.

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع کرم ڈاکٹر آفاق وزیر کا کہنا تھا کہ ہر سیکٹر میں ترقیاتی کام جاری ہے اور عوامی و اجتماعی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کئے جارہے ہیں.

سابق سینیٹر سجاد سید میاں عمران الدین گل اکبر اور ڈاکٹر حسین جان اور دیگر عمائدین نے پاراچنار آمد پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور ضرورت مندوں کے لئے سستے بازار قائم کرنے صحت اور تعلیمی میدان میں عملے کی کمی پوری کرنے اور کسانوں کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا.

عمائدین نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار کی اپ گریڈیشن کا بھی مطالبہ کیا